بھٹکل 16/اکتوبر (ایس او نیوز) : نیشنل ہائی وے 66 فورلین تعمیراتی منصوبے کا ٹھیکہ لینے کے باوجود، آئی آر بی (IRB) کمپنی عوامی خدمت کے بجائے انہیں لوٹنے میں مصروف ہے۔ کام مکمل ہونے سے قبل ہی ٹول ٹیکس وصولی کے ذریعے عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ اُترکنڑا میں ناقص تعمیراتی کاموں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے پانی کی نکاسی کا کوئی مناسب انتظام نہیں کیا گیا، بھٹکل میں سروس روڈ ابھی تک تعمیر نہیں ہوا ہے، ہائی وے پر روشنی کے لیے بجلی کے قمقمے نصب نہیں کیے گئے ہیں، اور سرکل پر فلائی اوور کا منصوبہ بغیر کسی مشورے کے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ان تمام شکایات کے ساتھ، آج بھٹکل میں آئی آر بی کے تعمیراتی کاموں پر سخت اعتراض جتایا گیا۔
اسی سلسلے میں ضلع اُترکنڑا کی معروف تنظیم "جنا پرا سنگھٹن اوکّوٹا" نے بدھ کے روز بھٹکل میں نیشنل ہائی وے ہوراٹا سمیتی کے ذمہ داران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس میٹنگ میں اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ جس فورلین ہائی وے کا کام تین سال میں مکمل ہونا تھا، وہ گیارہ سال گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہ ہو سکا ہے۔ اس کے علاوہ، آئی آر بی کے غیر سائنسی اور ناقص تعمیراتی کاموں پر بھی شدید اعتراضات کیے گئے۔
میٹنگ میں دو اہم پہلووں پر غور کیا گیا۔ ایک طرف، ضلع کے رکن پارلیمنٹ ویشویشور ہیگڈے کاگیری اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے ساتھ ملاقات کرکے آئندہ کے اقدامات پر بات کی گئی، جبکہ دوسری طرف، ضلع بھر میں نیشنل ہائی وے کو بند کرکے سخت احتجاجی مظاہروں اور عدالت میں پٹیشن دائر کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
سرسی سے آئے ہوئے ضلع عوامی کمیٹی "جنا پرا سنگھٹن" کے صدر ناگیش نائک کاگل نے اس موقع پر درج ذیل اہم مطالبات پیش کیے:
نیشنل ہائی وے کا کام مکمل ہونے تک ٹول ٹیکس وصول کرنا غیر منصفانہ ہے اور اسے فوراً بند کیا جائے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور IRB کو پابند کیا جائے کہ وہ جیولوجیکل سروے رپورٹ کے تحت دی گئی حفاظتی تدابیر کو نافذ کریں اور بقیہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں۔
نیشنل ہائی وے 66 کی غیر سائنسی تعمیر کے باعث ہونے والے حادثات، جیسے کہ گاڑیوں کے حادثات اور لینڈ سلائیڈنگ، میں متاثر ہونے والوں کو NHAI اور IRB کی جانب سے مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔
انکولہ کے شیرور میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہوناور میں پرامن پدیاترا میں شامل رہنماؤں کے خلاف جوسوموٹو کیس داخل کیا گیا ہے، اسے واپس لیا جائے۔
نائک نے واضح کیا کہ عوامی حقوق کی جدوجہد کو دبانے کی ہر کوشش کی بھرپور مخالفت کی جائے گی، اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور IRB کے خلاف ضلع بھر میں عوامی تحریک منظم کی جائے گی، جس میں جلد ہی ایک بڑے پیمانے پر احتجاج بھی شامل ہے۔
اس اہم میٹنگ میں بھٹکل نیشنل ہائی وے ہوراٹا سمیتی کے ذمہ دار راجیش نائک، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، بھٹکل میونسپل کونسل کے انچارج صدر الطاف کھروری، جالی پٹن پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ عمران لنکا، ضلع سنگھٹن کے نائب صدر وی این نائک، ایم ڈی نائک، ویر بھدرا، رگھویندرا نائک، آدم پنمبور، عبدالرقیب ایم جے ندوی، سٹی میڈیکل اقبال، اشفاق کے ایم، عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، عبدالسمیع کولا اور دیگر کئی سماجی کارکنان موجود تھے۔ اجلاس کی صدارت بھٹکل کے راما موگیر نے کی۔